اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جاثیہ نیوز کے مطابق، بنجامن نیتن یاہو نے جمعہ کے روز میونخ سکیورٹی سربراہی اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس سے ایک مختصر اجلاس میں کہا کہ اسرائیل کسی بھی صورت میں گولان کی پہاڑیوں سے دستبردار نہیں ہو گا۔
نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کسی بھی صورت میں ایران کو شام میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی اجازت نہیں دے گا اور نہ ہی ایران کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ شام میں اپنے فوجی اڈے قائم کرے اگر ایران نے ایسا کیا تو اسرائیل میدان عمل میں اتر آئے گا۔
صہیونی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا اس بات پر خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سلامتی کونسل میں دو اسرائیلی قیدیوں جنہیں حماس نے غزہ کی پٹی میں گرفتار کیا تھا کی رہائی کے لیے ایک خصوصی نشست رکھی۔ اور کہا کہ حماس کے خلاف دباؤ میں مزید اضافہ کیا جائے۔
یہ ایسے حال میں ہے کہ نیتن یاہو نے گزشتہ روز اپنے جرمنی دورے کے آغاز سے قبل اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ وہ میونیخ سکیورٹی سربراہی اجلاس میں ایسے ثبوت پیش کریں گے کہ جن سے یہ ثابت ہو جائے گاکہ ایران اپنے ڈرون کے ذریعے مقبوضہ فلسطین میں داخل ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲